ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حکم تقرری + ویڈیو
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج اتوار کو نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی صدارت کی باضابطہ طور پر توثیق کردی۔
سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج نویں صدر کے عنوان سے مسعود پزشکیان کی باضابطہ طور پر توثیق کردی۔ یہ تقریب آج صبح مقامی وقت کے مطابق دس بجے سے شروع ہوئی جس میں گارڈین کونسل کے ارکان، عدلیہ کے سربراہ، اعلیٰ اور سول فوجی حکام شریک تھے۔ تقریب کے دوران رہبر معظم کا حکمنامہ پڑھا گیا جس میں انہوں نے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدر ہونے کا باقاعدہ حکم جاری کیا۔
اس تقریب میں تقریر کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر پزشکیان نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کا جو آئندہ کا راستہ مقرر کیا ہے اور جو لائحہ عمل طے کیا ہے اور جو منصوبہ بندی ہے اس کے مطابق آگے بڑھنے کی کوشش کروں گا۔
رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے اس کے بعد جلسے سے خطاب کیا جس کی تفصیلات تھوڑی دیر میں پیش کی جائيں گی۔
واضح رہے کہ اس تقریب کو ایران کے داخلی چینلوں کے علاوہ آئی آر آئی بی کی اکسٹرنل سروسیز منجملہ سحر اردو ٹی وی سے بھی براہ راست نشر کیا گیا۔
واضح رہے کہ نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری منگل کو منعقد ہوگی جس میں ملکی اعلی حکام کے علاوہ مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ستر وفود شرکت کر رہے ہیں۔ اب تک کی موصولہ اطلاعات کے مطابق ستر غیر ملکی وفود نے اپنی شرکت کا اعلان کیا ہے جن میں مختلف ممالک کے دس صدور مملکت اور وزرائے اعظم، پندرہ ممالک کے سربراہان پارلیمنٹ، سترہ ممالک کے خصوصی اعلی وفود اور مختلف اداروں کے سربراہان شامل ہیں۔