ایران، اسلامی اقدار و اخلاقی اصولوں پر مبنی ایک ترقی یافتہ ملک رہےگا: صدر پزشکیان
اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے صدر نے آئندہ حکومت کی کامیابی کو نظام کی کلی پالیسی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کے نئے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے صدارتی حکم کی توثیق کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوی نظام کے ویژن میں ایران ایک ترقی یافتہ ملک ہے جو علاقے میں اقتصادی ، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ایران اسلامی و انقلابی تشخص کے ساتھ عالم اسلام کے لئے نمونہ عمل اور بین الاقوامی تعلقات میں تعمیری و موثر اشتراک عمل کا حامل ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ نئی حکومت کے ویژن میں بھی ایران، اسلامی اقدار و اخلاقی اصولوں پر مبنی ثقافتی تقاضوں کے ساتھ ایک ترقی یافتہ ملک رہےگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی نظام نے حکام کے لئے جو ویژن مقرر کر رکھا ہے وہ رہبرانقلاب اسلامی کی ہدایات کی روشنی میں ایک مضبوط حکومت و کابینہ کی تشکیل ہے اور یہ مہم صرف باہمی تعاون و قانون کی پاسداری کے ذریعے ہی ممکن ہوسکتی ہے۔