صیہونی حملوں میں شدت فلسطینیوں کے خلاف ناپاک صیہونی عزائم کی مظہر ہے: ایران
ایران نے غرب اردن پر صیہونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غرب اردن پر صیہونی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن پر صیہونی حملوں میں تیزی فلسطینیوں کے خلاف ناپاک صیہونی عزائم کی مظہر ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کو غرب اردن پر وحشیانہ صیہونی جارحیت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد الاقصی کے خلاف انتہا پسند صیہونیوں کے حملے کے ساتھ ساتھ غرب اردن کے رہائشی علاقوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر صیہونی جارحیت، صیہونی کابینہ کی اشتعال انگیزی کا حصہ ہے جو فلسطین کی جغرافیائی پوزیشن اور فلسطینی و اسلامی مقدسات کے سلسلے میں صیہونیوں کے ناپاک عزائم کی ترجمان ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ شمالی غرب اردن کے شہروں اور پناہ گزین کیمپوں پر صیہونی حملے اور بنیادی تنصیبات اور طبی مراکز و رہائشی علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کا مقصد، فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم اور فلسینیوں کی نسل کشی کا دائرہ وسیع کرنے سے متعلق ناپاک صیہونی عزائم کو پورا کرنے کی کوشش ہے۔
انھوں نے سلامتی کونسل سمیت تمام عالمی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے فوری اور موثر اقدامات عمل میں لائیں تاکہ فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرائی جا سکے۔