Sep ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج سرکاری دعوت پر عراق کا دورہ کر رہے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عراق کے دارالحکومت بغداد روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دورے کو دونوں ممالک کے سیاسی, اقتصادی اور سکیورٹی تعاون کے فروغ کے تناظر میں قرار دیا۔ انہوں نے عراق کو ایک برادر، دوست، مسلمان، پڑوسی اور اقتصادی، سیاسی اور اجتماعی میدان میں ایک شریک کار ملک قرار دیا۔ صدر ایران نے اسی طرح اربعین حسینی کے موقع پر عراقی حکومت و عوام کی میزبانی کی قدردانی کی۔

واضح رہے کہ صدر ایران عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کی سرکاری دعوت پر بیرون ملک کے اپنے پہلے سرکاری دورے پر آج بغداد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ صدر عبداللطیف رشید، وزیر اعظم السودانی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محسن المندالوی سمیت اعلیٰ عراقی حکام سے ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔
اس دورے میں صدر پزشکیان پڑوسی ملک میں مقیم ایرانی کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ عراقی کردستان کا دورہ بھی صدر پزشکیان کے پروگرام میں شامل ہے جو اس خطے کے سربراہ نیچروان بارزانی کی سرکاری دعوت پر انجام پا رہا ہے۔ ساتھ ہی صدر پزشکیان نجف میں مولا علی اور کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہما السلام کی زیارت کو بھی جائیں گے۔

ٹیگس