ای سی او کے نئے سیکرٹری جنرل کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات
علاقائی اقتصادی تعاون کی تنظیم ای سی او کے نئے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے تہران میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: موصولہ رپورٹ کے مطابق اسد مجید خان اور عباس عراقچی کی ملاقات میں خطے میں ای سی او کے کردار اور رکن ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی راہوں کا جائزہ لیا گيا۔ ای سی او کے تین سال کے لیے نئے منتخب ہونے والے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان پاکستان کے سینیئر سفارت کار ہیں اور وہ تہران میں واقع ای سی او کے سیکرٹریٹ میں تین سال تک اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ اسد مجید خان نے تنظیم کے نئے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ایران آمد اور کام کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس ملاقات میں اپنے انتخاب میں ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور ای سی او میں ایران کے مرکزی کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بھی اس ملاقات میں اسد مجید خان کو ای سی او کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے سفارتی تجربات کے ساتھ ای سی او کے منصوبوں اور اہداف کو آگے بڑھانے میں نہ صرف کامیاب رہیں گے بلکہ ان میں تیزی لائیں گے اور ایران ای سی او کے سیکرٹریٹ کے میزبان ملک کی حیثیت سے اس سلسلے میں نئے سیکرٹری جنرل کی بھرپور مدد کرے گا۔