Sep ۱۹, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran

تہران میں عوام کی ایک تعداد نے لبنان کے سفارت خانے کے سامنے جمع ہوکر، غاصب صیہونی حکومت کے تازہ جرائم کی مذمت اور لبنانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔

سحرنیوز/ایران: ہمارے نامہ نگار کے مطابق تہران میں بدھ اٹھارہ ستمبر کی شام عوام نے لبنان کے سفارت خانے کے سامنے اجتماع کیا۔ اس اجتماع میں غاصب صیہونی حکومت کے تازہ وحشیانہ جرائم کی مذمت اور لبنانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا گیا۔ ایرانی عوام نے سوشل میڈیا پر بھی لبنان کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدام کی مذمت کی اور لبنانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور لبنان کے ساتھ یکجہتی کی مہم چلائی۔

ایرانی طلباء، شخصیات اور ثقافتی کارکنوں کے ایک گروپ نے لبنانی عوام اور پیجر دھماکے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ہمدردی کے لیے لبنانی سفارتخانے کی عمارت کے سامنے تین ہزار پھول رکھے۔
یاد رہے کہ منگل سترہ ستمبر کو لبنان میں پیجرز کے دھماکوں میں ہزاروں عام شہری زخمی ہوگئے تھے۔ ان دھماکوں میں متعدد لوگ شہید بھی ہوئے۔ میڈیا ذرائع نے بدھ کو بھی بیروت، بعلبک، صیدا اور چند دیگر لبنانی شہروں میں پیجرز اور دیگر مواصلاتی آلات منجملہ موبائل فونس میں دھماکوں کی خبر دی ہے۔

ٹیگس