Sep ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت خطے کو خطرناک صورتحال کی طرف لے جا رہی ہے: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران اسرائیل کے اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنی پالیسیوں کو مسلسل منظم کر رہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے نیویارک پہنچنے کے فورا بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کشیدگی اور جنگ میں اضافہ کا مقصد ہرگز حاصل نہیں کر پائے گی لیکن اپنے کیے کی سزا ضرور پائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس مغربی ایشیا کے کشیدہ حالات میں منعقد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں عوام کو اسرائیل کی دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں میں اضافہ کا سامنا ہے جس کی وجہ سے خطے کی صورتحال انتہائی خطرناک رخ اختیار کرتی جا رہی ہے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ صیہونی حکومت خطے کو خطرناک صورتحال کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہی ہے اور یہ واقعی پوری عالمی برادری کے لیے ایک لحمہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے جاری جنگ اور غزہ میں لوگوں کے وحشیانہ قتل کے بعد بھی اسرائیل اپنے کسی بھی ہدف تک نہیں پہنچ سکا ہے اور اس صورتحال نے خود اس کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں صیہونی حکومت غزہ دلدل میں بری طرح پھنس گئی ہے اور اس سے نکلنے کے لیے کسی بھی جرم کے ارتکاب سے گریزاں نہیں۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ہم صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور پوری احتیاط کے ساتھ اپنی پالیسیاں ایڈجسٹ کر رہے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکومت کشیدگی اور جنگ میں اضافے کا مقصد ہرگز حاصل نہیں کر پائے گی لیکن وہ اپنے جرائم کی سزا پا کر رہی گی۔

ٹیگس