ایران توانائی کے شعبے میں بریکس کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار
ایران کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ ایران توانائی کے شعبے میں بریکس کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر توانائی عباس علی آبادی نے کہا کہ ایران کے پاس توانائی کے شعبے میں اچھی ٹیکنالوجی اور کافی گنجائشیں پائی جاتی ہیں اور وہ روس سمیت بریکس کے سبھی اراکین سے تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
عباس علی آبادی نے بریکس کے وزرائے توانائی کے اجلاس میں شرکت کے لئے ماسکو پہنچنے کے بعد تنظیم کے اراکین کے ساتھ تعاون کے فروغ اور تقویت کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی ممتاز پوزیشن کا ذکر کیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران اس اجلاس میں صعنتی اور تکنیکی تعاون میں توسیع کے لئے بعض تجاویز پیش کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر توانائی نے کہا کہ بریکس ایک بہت ہی اہم تنظیم ہے جو اقتصادی نقطہ نگاہ کے علاوہ دیگر پہلوؤں سے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔
انھوں نے برکس کے وزرائے توانائی کے اجلاس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برکس کے بعض اراکین دنیا میں توانائی پیدا کرنے والے اہم ممالک ہیں اور بعض دیگر ایٹمی توانائی استعمال کرنے والے ممالک ہیں اور اس بات نے اجلاس کی اہمیت دوچنداں کردی ہے۔
عباس علی آبادی نے کہا کہ ایران شمال میں روس سے اور اس کے ذریعے چین سے اور جنوب میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے متصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی اس جغرافیائی پوزیشن نے بریکس کے اراکین کے ساتھ تعاون کے فروغ اور تقویت کے حوالے سے اس کو ممتاز حیثیت کا مالک بنا دیا ہے۔
ایران کے وزیر توانائی نے کہا کہ یہ اجلاس بریکس کے اراکین کے درمیان ہمہ گیر اور مفید تعاون کا ایک اچھا موقع ہے جس میں وہ اراکین کے درمیان صنعتی اور تکنیکی تعاون میں توسیع کے حوالے سے بعض اہم تجاویز پیش کریں گے۔