وعدہ صادق دو آپریشن میں معینہ اہداف پوری طرح فوجی تھے، ایران کے وزیر دفاع
ایران کے وزیردفاع نے کہا ہے کہ وعدہ صادق دو آپریشن، اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کی ایک جھلک ہے۔
سحرنیوز/ایران: بریگيڈ عزیز نصیرزادہ نے صیہونی حکومت کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں کہا کہ یہ مدبرانہ اور عاقلانہ کارروائیاں نہایت پیچیدہ منصوبہ بندی سے کامیابی کے ساتھ انجام پائيں اور ان کارروائیوں کی منصوبہ بندی صیہونی حکومت کے دفاعی سسٹم کے لحاظ سے کی گئی تھی اور یہ ایک نہایت کامیاب آپریشن تھا۔
انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس آپریشن میں معینہ اہداف، پوری طرح فوجی تھے خاص طور سے ان انٹیلیجنس اہداف کو نشانہ بنایا گیا جنہیں اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
پائلٹ جنرل نصیر زادہ نے کہا کہ یہ کارروائياں پوری طرح جائز اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہيں لیکن اگر صیہونی حکومت نے اس کا جواب دیا اور کوئی حماقت کی تو ہمارا اقدام بہت شدید ہوگا اور ہم اپنے پاس موجود مختلف جدیدترین میزائلوں کو استعمال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں اسلامی جمہوریہ ایران کی میزائلی صلاحیتوں کا صرف ایک حصہ ہے اور ابھی جدیدترین ٹیکنالوجی اور بھاری تباہی مچانے کی صلاحیت رکھنے والی میزائلوں کے بڑے حصے سے استفادہ نہیں کیا گيا ہے۔