شام میں ہلال احمر کے گودام پر صیہونی حکومت کا حملہ کھلی دہشت گردی ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے شام میں ہلال احمر کے گودام پر صیہونی حکومت کے حملے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے شام میں ایران کے ہلال احمر کے گودام پر اسرائیل کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت میں سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی اور طبی سہولیات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناقابل تردید جنگی جرم ہے۔
امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے سربراہ پاسکل کریسٹین اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کی طرف سے انسانی اور طبی سہولیات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناقابل تردید جنگی جرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی ہلال احمر نے اس انسانی امدادی مرکز کے قیام کے بارے میں باضابطہ طور پر ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو آگاہ کردیا تھا اور خالصتاً انسانی مقاصد کے باوجود اس ڈپو پر وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے میں اس کی تنصیبات اور آلات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ایران سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس گھناؤنے جرم کی شدیدترین مذمت کرے اور صیہونی حکومت کی مزید خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔
اس سے پہلے ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین نے ریڈکراس اور ہلال احمر سوسائٹیوں کی فیڈریشن کے سربراہ اور انٹرنیشنل ریڈکراس کمیٹی کے چیئرمین کے نام اپنے مکتوب میں، لبنان اور شام کی سرحد پرایران کے فیلڈ ہسپتال پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت اور ضروری اقدام کا مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیتوں میں زخمی اور بے گھرنیز دربدر ہونے والے عام شہریوں کے علاج کے لئے لبنان اور شام کی سرحد پر ایک فیلڈ اسپتال قائم کیا تھا اور غاصب صیہونی حکومت نے نو اکتوبر کو اس اسپتال اور اس کے دواؤں اور ضروری طبی وسائل کے گودام پر حملہ کردیا۔
ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے چیئرمین نے اپنے مکتوب میں وضاحت کی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے میں اسپتال اور دواؤں کا اسٹور جل کر خاک ہوگیا اور ہمارے لئے اس اسپتال میں زخمیوں اور بیماروں کا علاج اور ان کی انسانی خدمت ممکن نہیں رہی۔
پیر حسین کولیوند نے اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی انٹرنیشنل ریڈکراس کمیٹی اور ہلال احمر نیز ریڈکراس سوسائٹیوں کی بین الاقوامی فیڈریشن سے مطالبہ کرتا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس وحشیانہ حملے کی مذمت کی جائے، اس سلسلے میں فوری طور پر لازمی اقدامات انجام دیئے جائيں اور اس کی رپورٹ اقوام متحدہ کو پیش کی جائے۔