بارہ روزہ جنگ میں صیہونی حکومت رائے عامہ کی نظر میں رسوا ہوگئی؛ صدر ایران
صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان نے کہا ہے کہ بارہ روزہ جارحیت میں صیہونی حکومت عالمی رائے عامہ کی نظر میں ذلیل و رسوا ہوگئی۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کی انجمن ہلال احمرکے معاونین کی کونسل کی نشست میں، بارہ روزہ صیہونی جارحیت کے دوران، ہلال احمر کے امدادی کارکنوں کی مجاہدتوں کو قابل تحسین بتایا۔ انہوں نے اس جارحیت کے دوران، مسلح افواج، طبی عملے اور امدادی دستوں کی فداکاریوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے دوران، ایرانی عوام کی مثالی ہمدلی اور معاونت قابل فخر ہے جنہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود ایک بار پھر بے نظیر کارنامہ رقم کیا۔ صدر ایران نے کہا کہ اس جنگ میں نہ صرف یہ کہ صیہونی دشمن کی رہی سہی عزت بھی خارک میں مل گئی بلکہ اس نے اسپتالوں، علاج معالجے کے مراکز، طبی عملے اور امدادی دستوں پر حملہ اور نہتے عوام، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کرکے معاصر تاریخ کے کم نظیر جرائم کا ارتکاب کیا اور خود کو عالمی رائے عامہ کی نگاہ میں پہلے سے زیادہ قابل نفرت بنالیا۔
انہوں نے اسی کے ساتھ انسانی حقوق کے نام نہاد دعویداروں کے دوہرے معیاروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ جولوگ کسی ملک میں ایک فرد کی گرفتاری پر انسانی حقوق کی دہائی دینے لگتے ہیں، انہوں نے غزہ اور اس کے بعد ہمارے ملک میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ ترین جرائم پر نہ صرف خاموشی اختیار کی بلکہ اس کی جارحیت کی آشکارا حمایت بھی کی۔