Oct ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۸ Asia/Tehran
  • ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے دورہ عراق میں کہا ہے کہ ہم جنگی صورتحال کے لئے پوری طرح تیار ہیں، جنگ سے ڈرتے نہيں ہیں لیکن جنگ نہیں چاہتے اور غزہ اور لبنان میں منصفانہ صلح کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزيرخارجہ سید عباس عراقچی نے بغداد میں اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین سے ملاقات اور گفتگو کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اس وقت ہمارا علاقہ انتہائی خطرناک چیلنجوں سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اس دورے کا مقصد، اس علاقے اور خلیج فارس کی حساس اور خطرناک صورتحال اور مسائل پر تبادلہ خیال اور مشاورت ہے۔
وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ جیسا کہ ہم نے پہلے بھی اعلان کیا ہے، علاقے کے حالات بہت ہی حساس ہیں اور کشیدگی اور جنگ کا دائرہ پھیلنے کا امکان بہت زیادہ ہے اور اس کی جڑیں غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ جرائم میں ہیں جن کا سلسلہ غزہ سے شروع ہوا اور لبنان تک پھیل گیا ہے اور اس کے علاقے کے سبھی ملکوں میں سرایت کرجانے اور ایک انتہائی خطرناک اور وسیع جنگ کا امکان پایا جاتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کا مقابلہ اور غزہ اور لبنان کے عوام  پر اس کے وحشیانہ حملوں کو روکنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم ہر صورتحال کے لئے  تیار ہیں لیکن کشیدگی اور جنگ نہیں چاہتے ، لیکن ہم جس طرح صلح کے لئے تیار ہیں اسی طرح جنگ کے لئے بھی تیار ہیں، یہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ٹھوس موقف ہے۔
سید عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ہم جنگ کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیارہیں، جنگ سے نہیں ڈرتے لیکن جنگ نہیں چاہتے اور غزہ اور لبنان میں منصفانہ صلح کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔  

ٹیگس