Oct ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • ایران کا اسرائیل کو انتباہ: اگر ہماری شخصیات اور مفادات پر حملہ کرو گے تو ہم تم پر حملہ کریں گے جیسا کہ اس سے پہلے کر چکے ہيں

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نےاصفہان میں شہید عباس نیلفروشان کے جلوس جنازہ میں کہا کہ دشمن کا یہ خیال غلط ہے کہ عظیم شخصیات کی شہادت سے تحریکیں اور استقامتیں دم توڑ دیں گي ۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ دشمن نے جب بظاہر شہید قاسم سلیمانی کو ہم سے چھین لیا تب بھی استقامت جاری رہی اور مزید مضبوط ہوئی ، ان کا خون تمام مسلمانوں کے لئے اسلام کے اس شہید رشید کی راہ کو جاری رکھنے کے لئے حجت و دلیل بن گیا۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ دشمن سمجھ رہا تھا کہ جنرل زاہدی کی شہادت سے لبنان ، شام اور یمن میں شہادت کا چراغ بجھ جائےگا لیکن ان کا یہ گمان غلط ثابت ہوا۔

جنرل سلامی نے کہا کہ دشمن نے ایک بڑی غلطی کی جس طرح شہید ہنیہ کی شہادت کے بارے میں غلط خیال کیا تھا اسی طرح حزب اللہ کے بارے میں یہ غلط سمجھا کہ حزب اللہ ختم ہوگئی اور ان کا راستہ ہموار ہوگيا ہے لیکن وعدہ صادق دو نے ایران کی طاقت کاعظیم جلوہ دکھایا ۔

سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ صادق دو صرف ایک انتباہ تھا ، ایران کی طاقت کا ایک چھوٹا سا نمونہ تھا تاکہ دشمن عبرت حاصل کرے۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ اگر ہمارے شہریوں ، شخصیات اور مفادات پر حملہ کرو گے تو ہم تم پر حملہ کریں گے جیسا کہ اس سے پہلے کر چکے ہيں ۔

ٹیگس