ایران پاکستان آزاد تجارت کی جانب گامزن
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت و معدن و تجارت نے کہا ہےکہ آئندہ دو ماہ میں ایران اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت پر مشتمل اشیا کی فہرست پر اتفاق ہونا طے پایا ہے-
سحرنیوز/ایران: ایران کے صنعت معدن و تجارت کے وزیر محمد اتابک نے ایران اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارت کے قیام کے بارے میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر تجارت کے ساتھ ملاقات میں طے پایا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سامان کے تبادلے اور ٹیرف کم کرنے کے سلسلے میں ایک مشترکہ آپریشنل ورک انجام دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی تجارتی تنظیمیں آمادگی رکھتی ہیں اور آئندہ دو مہینے میں پاکستان کے وزیر تجارت ایران کا دورہ کریں گے تاکہ سامانوں کے تبادلے کی فہرست کو حتمی شکل دی جا سکے۔
محمد اتابک نے ہمارے نامہ نگار کےساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ جب دونوں ممالک کے درمیان آزاد اور ترجیحی تجارت قائم ہوجائے گی، تو فطری طور پر دونوں طرف سے ٹیرف بھی کم ہو جائیں گے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان کے سامانوں کے سلسلے میں ایک حصے پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ بقیہ سامانوں کے بارے میں بھی مستقبل میں جائزہ لیا جائے گا، اور ہمیں امید ہے کہ اس سلسلے میں کسی مثبت نتیجے پر پہنچ جائيں گے۔