سید ہاشم صفی الدین کی شہادت پر رہبر انقلاب کا تعزیتی پیغام
رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزاحمتی محاذ کے عزیز جوانوں کے نام اپنے پیغام میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین رضوان اللہ علیہ کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب اللہ آج بھی لبنان کی سب سے مضبوط محافظ اور صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کے مقابلے میں سب سے مضبوط ڈھال ہے۔
سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزاحمتی محاذ کے عزیز جوانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین رضوان اللہ علیہ کی شخصیت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی حزب اللہ، لبنان کی سب سے مضبوط محافظ اور جارح صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کے مقابلے میں سب سے مضبوط ڈھال ہے کہ جو عرصۂ دراز سے لبنان کو تقسیم کرنےکے درپے ہے۔
آپ نے فرمایا کہ سید مجاہد رشید اور جانثار، جناب سید ہاشم صفی الدین رضوان اللہ علیہ بھی شہدائے مزاحمت کی صف میں شامل ہو گئے۔ وہ حزب اللہ کی نمایاں ترین شخصیات میں سے اور جناب سید حسن نصر اللہ کے دیرینہ دوست اور ساتھی تھے۔ حزب اللہ نے اپنے ان ہی جیسے رہنماؤں کی تدبیر اور جرات کی بدولت لبنان کو تقسیم اور بکھرنے سے بچائے رکھا ہے اور سفاک، ظالم اور غاصب حکومت کے خطرات کو بے اثر کرنے میں کامیاب رہی کہ جس کی فوج ایک زمانے میں بیروت میں دندناتی پھرتی تھی۔
آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے اس پیغام میں فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح مجاہدین قدس اور ان لوگوں کی مدد کرتا رہے گا جو فلسطین پر قابض جرائم پیشہ گروہ کے قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں، انشاء اللہ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ میں اپنے عزیز جناب سید صفی الدین کی شہادت پر ان کے محترم اہل خانہ، رشتہ داروں اور مزاحمت کے تمام محاذوں پر موجود ان کے ساتھیوں کو مبارکباد اور تعزیت پیش کرتا ہوں۔