Oct ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کو اس کی جارحیت کا سخت جواب دیا جائیگا: ایرانی چیف جسٹس

ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے بین الاقوامی سطح پر جارح صیہونی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور اس کی مذمت کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ  محسنی اژہ ای نے عدلیہ کی سپریم کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جارح اور مجرم صیہونی حکومت کو اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین کی خلاف ورزی  کرنے پر سخت جواب دیا جائے گا اور یہ جعلی حکومت اپنے جرائم کی سخت ترین سزا بھگتے گی۔

عدلیہ کے سربراہ نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر تفتان میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے عین وقت امریکہ اور صیہونیوں سے وابستہ دہشت گردوں نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر تفتان میں 10 سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا۔

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر جارح صیہونی حکومت کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور اس کی مذمت کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انسانی حقوق کے دفاع کا دعویٰ کرنے والے بین الاقوامی اداروں نے بے حسی کا مظاہرہ کیا اور ان سے صہیونی مجرم ٹولے کے سرغنوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور سزا کی کوئی امید نہیں رکھی جانی چاہیے لیکن بہر صورت اسلامی جمہوریہ ایران مجرم صیہونی حکام کے بین الاقوامی عدالتی مواخذے کے لئے قانونی اقدامات کرنے چاہیں۔

بلاشبہ صیہونی حکومت نے ایک سال کے عرصے میں وحشتناک جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور بین الاقوامی قانون کی رو سے غزہ اور جنوبی لبنان میں صہیونیوں کے اقدامات جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی واضح مثالیں ہیں۔

ٹیگس