Nov ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۸ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا دارو مداراس کے اپنے وعدوں پرعمل اور مثبت تعاون پر ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی سے تہران میں ہونے والی ملاقات میں مفید اور مثبت مذاکرات انجام پائے ہيں ۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے آئی اے ای اے کے سربراہ سے مذاکرات کے بعد کہا کہ ہم ایجنسی کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لئے تیار ہیں البتہ اس کا دار ومدار فریق مقابل کی جانب سے بھی اپنے وعدوں پرعمل اور مثبت تعاون پر ہے۔

مذاکرات کے اختتام پر ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات تعمیری اور مفید رہے ہيں اور آئندہ ایک سال کے دوران ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون کا راستہ ہم نے واضح کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پرامن ایٹمی معاملات کے بارے میں اگلا ایک سال بہت ہی اہم ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی اے ای اے کے سربراہ پر واضح کردیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایجنسی کے ساتھ ہوئے سابقہ سمجھوتے کی بنیاد پر مذاکرات کے لئےتیار ہے لیکن اس کا دار ومدار اس پر ہے کہ ایجنسی کس قدر سنجیدہ ہے۔

اس درمیان ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ایک رکن کی حیثیت سے ایران کو اس بات کی توقع ہے کہ آئی اے ای اے غیرجانبداری کا مظاہرہ کرے اور سیاسی دباؤ اور مسائل سے دوری اختیار کرے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کے دورہ تہران کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ کی ایران کی جانب سے میزبانی، اس بات کا ثبوت ہے کہ تہران بین الاقوامی قوانین اور اصولوں اور اپنی ذمہ داریوں کے تحت اس ایجنسی کے ساتھ تعاون برقرار رکھے ہوئے ہے۔

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی بدھ اور جمعرات کی رات تہران پہنچے ۔ ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے تہران ایئرپورٹ پر آئی اے ای اے کے سربرہ رافائل گروسی کا استقبال کیا۔

ٹیگس