ایرانی تیل کی برآمدات میں کمی نہیں ہوئی ہے؛ ایران کی قومی تیل کمپنی کے سربراہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی تیل کمپنی کے سربراہ نے ایران کے خام تیل کی برآمدات میں کمی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی نیشنل آئل کمپنی کے سربراہ حامد بورد نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کے خام تیل کی برآمدات میں کمی کے بارے میں سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی افواہیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے خام تیل کی برآمدات کی صورتحال پہلے کی طرح جوں کی توں ہے۔ ایران کی آئل کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ ہم خام تیل کی فروخت اور برآمد کے شعبے میں اچھی پوزیشن میں ہیں۔
نیشنل آئل کمپنی کے سربراہ نے کہا کہ تیل کی فروخت اور برآمدات کے بارے میں فکر کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے ایران کے وزیرپیٹرولیم محسن پاکنژاد نے کہا تھا کہ وزارت پیٹرولیم نے تیل کی پیداوار اور برآمدات کا جامع منصوبہ بنا لیا ہے اور اس سلسلے میں ہمیں کسی طرح کی تشویش نہيں ہے۔