پاکستانی سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کی تعزیت
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی فوج، حکومت ، عوام اور شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رضا امیری مقدم نے اپنے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردانہ حملے میں 16 پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میں پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام خصوصا ان خاندانوں سے دلی تعزیت پیش کرتا ہوں جو اپنے پیاروں سے محروم ہوگئے ہیں۔ میں اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خوارج نے چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 16 جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔