ہزار اسٹریٹجک ڈرونز اور ایک نیا بحری جنگی جہاز ایران کی نیوی میں شامل
ایرانی فوج کے ڈپٹی کوآرڈینیشن ریئر ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری نے آرمی ڈرون یونٹ میں ایک ہزار اسٹریٹجک ڈرونز اور نیوی میں ایک نیا بحری جہاز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد اسٹیلتھ اسٹریٹجک ڈرونز جو بہت زیادہ دھماکہ خیز طاقت، لمبی رینج اور درستگی کے حامل ہیں، آنے والے دنوں میں ایران کی فوج کے حوالے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بری فوج کے لیے مختلف آلات کی نقاب کشائی بھی کی جائے گی۔
ریئر ایڈمیرل سیاری نے حالیہ فوجی مشقوں میں نئی جنگی ٹیکنالوجی کی رونمائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں اٹھائے گئے اہم ترین اقدامات میں سے ایک، ہزار اسٹریٹجک ڈرونز کی فوج میں شمولیت ہے۔ جنرل سیاری نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مسلح افواج کی زمینی فورس کو بھی نئے جنگی آلات ملیں گے۔ حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ مکران کے ساحل پر بحری قوت کو بڑھانے کے سپریم لیڈر کے فرمان پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ کام شروع ہو گیا ہے۔
ریئر ایڈمرل سیاری نے بحریہ میں ایک نئے جہاز کے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ بحریہ کی جنگی صلاحیت میں موثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا بہت سے اپ گریڈڈ جنگی طیارے ان دیگر آلات میں سے ہیں جو مستقبل قریب میں ایران کی بحریہ میں شامل کیے جائیں گے۔