ایران اور پاکستان کے زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پر تاکید
ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے اپنے سرکاری دورہ پاکستان کے اہداف کے بارے میں کہا کہ دو دوست اور برادر ممالک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے زیادہ افرادی قوت اور طاقت کی ضرورت ہے .
سحرنیوز/ایران: جنرل باقری نے کہا کہ دشمن ہماری سرحدوں کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لہذا ہمارے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون اور ہم آہنگی کی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشترکہ سرحدوں کو سیل کرنے کا کام شروع کر دیا ہے، متعدد بارڈر مارکیٹس کام کر رہی ہیں اور بعض دیگر بارڈر مارکیٹس کے قیام کا کام جاری ہے، اہم بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافہ کیا جائے۔ جنرل محمد باقری نے یہ بات زوردے کر کہی کہ ایران اور پاکستان کو مسلح افواج کی سطح پر دہشت گرد گروہوں اور علیحدگی پسند عناصر کے خلاف مشترکہ تعاون کرنا ہوگا تاکہ سرحدی سلامتی کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت میں تربیت، انٹیلی جنس، فوجی مشقوں اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت کریں گے، اور ہم پاکستان کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی میں اضافہ کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ میجر جنرل باقری ایک اعلی سطحی عسکری وفد لے کر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔