پاکستانی حکام سے بہت مفید ملاقاتیں ہوئيں: میجر جنرل محمد باقری
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے کہا ہےکہ ایران پاکستان میں بین الاقوامی بحری فوجی مشقوں میں حصہ لے گا۔
سحرنیوز/ایران: میجر جنرل محمد باقری نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر کہا کہ ایران کے فوجی وفد نے اس دورے میں پاکستان کے آرمی چیف، فضائیہ کے سربراہ، وزیر اعظم، صدر اور وزیر دفاع سے پانچ بے حد نفع بخش ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور ضروری فیصلے کیے گئے۔ چیف آف اسٹاف باقری نے کہا کہ پاکستان کی بحریہ کی میزبانی میں "امان-25" نام کی بحری فوجی مشقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی شمولیت کی دعوت بھی دی گئی جسے ہم نے قبول کرلیا ہے۔ واضح رہے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے میجر جنرل باقری سے ملاقات میں علاقے میں دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے مقابلے پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی ایران اور پاکستان کے لئے مشترکہ چیلنج ہے اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے تعاون سے اس کے سد باب کے لئے موثر اقدامات کرنے چاہیے۔