اپنے گھروں کو جانے والے لبنانی شہریوں کو حملے کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے گھروں کو جانے والے لبنانی شہریوں کو حملے کا نشانہ بنانے کے صیہونی حکومت کے نئے جرائم کی مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ساٹھ دنوں کے دوران غاصب اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کی سیکڑوں مثالیں موجود ہیں اور حالیہ اسرائیلی جرائم عہدشکنی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی، جنگی جرائم کا واضح مصداق ہيں ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور فرانس اس جنگ بندی سمجھوتے کے نگراں اور ضامن ہونے کے ناطے ان جرائم کے ذمہ دار ہيں ۔
لبنان کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو صیہونی فوجیوں کے حملوں میں چوبیس لبنانی شہید اور ایک سو چونتیس زخمی ہوئے ہيں۔