Feb ۰۳, ۲۰۲۵ ۱۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ایرانی صدر کی علاقائی ملکوں کے باہمی اتحاد ویکجہتی کی تقویت پر تاکید

صدر ایران نے خطے کے ملکوں کی ارضی سالمیت کے تحفظ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی خارجہ پالیسی قرار دیتے ہوئے بیرونی طاقتوں کے بعض اقدامات کے پیش نظر علاقائی ملکوں کے درمیان اتحاد ویکجہتی کی تقویت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آذربائیجان کے صدر کے مشیر خارجہ حکمت حاجی اف سے ملاقات میں  ایران اور آذربائیجان کے باہمی روابط کو برادرانہ اور  اچھی ہمسائگی کے اصولوں پر استوار قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سبھی اسلامی ملکوں کے ساتھ روابط میں توسیع اور عالم اسلام کی طاقت بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم ملک کے اندر وفاق اور ہمدلی کے ساتھ ہی اسلامی اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ روابط ميں توسیع چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مسلمانوں کے درمیان ہر قسم کا اختلاف، دشمنوں کو ان کے امور میں مداخلت اور تفرقہ انگیزی پر اکسائے گا۔  

 آذربائیجان کے صدر کے  مشیرخارجہ حکمت حاجی اف نے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی خدمت میں اپنے ملک کے صدر کا سلام پہنچایا۔   انھوں نے اسی کے ساتھ صدر ایران کو اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اورکہا کہ آسلامی جمہوریہ ایران، دوست اور برادر ملک کی حیثیت سے آذربائيجان کے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اپنے روابط کی سطح بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔  آذربائیجان کے صدر کے مشیر خارجہ نے صدر پزشکیان کی خدمت میں آذربائیجان کے دورے کے لئے اپنے ملک کے صدر کا دعوت نامہ پیش کیا اور کہا کہ ہمارے ملک کے عوام آپ کو بہت چاہتے ہیں اور بے صبری کے ساتھ آپ کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔

ٹیگس