اسلامی انقلاب کی 46 ویں سالگرہ ، سارے ایران میں جشن منایا گيا
اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کے موقع پر آج پورے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ایرانی عوام نے اسلامی انقلاب کا جشن منانے کے لئے سڑکوں اور شاہراہوں پر ریلیاں نکالیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سمیت مختلف اعلی سول و فوجی حکام نے بھی جشن انقلاب کی ریلیوں میں شرکت کی۔ اسلامی انقلاب کی چھیالیسویں سالگرہ کے موقع پر آج دس فروری کو پورے ایران کے شہروں اور قصبوں میں عوام نے انقلاب اسلامی کا جشن منانے کے لئے سڑکوں اور شاہراہوں پر ریلیاں نکالیں۔ امام خمینی رح کی قیادت میں سنہ انیس سو اناسی کو عوام کی وسیع حمایت میں اسلامی انقلاب رونما ہوا۔ اور اسی کی سالگرہ کے موقع پر آج ایرانی کیلینڈر کے مطابق گیارہویں مہینے بہمن کی بائیس تاریخ کو ایران کے کونے کونے میں زندگی کے ہر طبقے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن منانے کے لئے سڑکوں اور شاہراہوں پر نکل کر ریلیاں نکالیں اور پورے ایران کی فضا امریکہ مردہ باد اور اسرائيل مردہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
![](https://media.sahartv.ir/image/4c92cacbdf69aa2kwfk_800C450.jpg)
بہمن کا مہینہ در حقیقت اسلام، قرآن ، مسلمانوں اور مستضعفیں کی عزت و وقار کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ امریکہ نواز بادشاہوں کی بادشاہت کے خاتمے کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ استقلال، آزادی اور استقامت کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں انقلاب اسلامی کے شجرہ طیبہ کو عظیم اور تاریخی کامیابی نصیب ہوئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں بائيس بہمن انقلاب اسلامی کی کامیابی کی چھیالیسویں سالگرہ کے موقع پر عظیم الشان ریلیاں نکالی گئیں۔ جشن ا نقلاب کی سب سے بڑی ریلی دارالحکومت تہران میں نکالی گئی جو تہران کے مختلف راستوں سے گزر کر تاریخی آزادی اسکوائر پر اختتام پر پذیر ہوئی جہاں انقلابی عوام کے امڈتے ہوئے سیلاب اور پرجوش اجتماع کو صدر پزشکیان نے خطاب کیا - ریلیوں کے اختتام پر کروڑوں کی تعداد میں شرکا نے ایک قرار داد پاس کرکے دشمنوں کے مقابلے میں ایران کی مسلح افواج کی تقویت پر زور دیا ہے ریلیوں کی قرارداد میں اسی طرح استقامتی محاذ کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں اسی طرح امام خمینی رح کے مشن اور رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سے بھی تجدید عہد کیا گیا۔ ریلیوں کے شرکا نے اس قرارداد میں استقامتی محاذ کے شہدا شہید جنرل قاسم سلیمانی، شہید سید حسن نصراللہ اور شہید اسماعیل ہنیہ کے مشن اور امنگوں کو بھی جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا۔ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں اورجشن کی کوریج کے لئے ایران میں سیکڑوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار خبریں نشر کرنے کے لئے موجود رہے۔