Feb ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم نے دنیا کی تمام بڑی طاقتوں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا: میجر جنرل حسین سلامی

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق صرف ایک مثال ہے اگر دشمنوں نے سبق نہ سیکھا تو وہ ایران کی حقیقی طاقت کو دیکھ لیں گے۔

سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے ایران کے شہر اراک میں بیس ہزار افراد پر مشتمل پیغمبر اعظم (ص) فوجی مشقوں میں کہا کہ اگرچہ ہمارے دشمن کے پاس طاقتور فوجیں ہیں، لیکن ایرانی قوم نے انقلاب اسلامی کے نظریات اور امنگوں کی حمایت اور میدان میں ثابت قدمی کے ذریعے انہیں دنیا کے سامنے حقیر کردیا- انہوں نے کہا کہ ہماری قوم نے چھیالیس سال تک پوری قوت کے ساتھ اسلامی حکومت کے دشمنوں کا مقابلہ کیا اور ان کی دھمکیوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا اور دنیا کی تمام بڑی طاقتوں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے دنیا کے تمام ممالک کے خلاف جنگ کی ہے اور ہر ملک کو نقصان پہنچایا ہے لیکن ہماری قوم اپنی شناخت اور عزم کے ساتھ ان کے خلاف کھڑی ہوئی اور اس نے ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

میجر جنرل حسین سلامی نے مزید کہا کہ علاقے میں گزشتہ دو سالوں کے واقعات میں، اسرائیل اور امریکہ مزاحمتی محاذ کی توانائي اور ارادے کی بدولت شکست کھا چکے ہیں اور صیہونی حکام نے اپنے میڈیا میں متعدد مواقع پر اس شکست کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید سید حسن نصر اللہ کی تدفین کے دن اسرائیلی فوجی ہتھکنڈے اسرائیل کے لیے ایک اور شکست تھے، اس لئے کہ تشییع جنازہ میں موجود لوگوں کو ذرہ برابر بھی خوف محسوس نہیں ہوا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے مزید کہا کہ اسرائیل نے حماس اور حزب اللہ کو تباہ کرنے کا خواب دیکھا اور اسلامی تحریک کو تباہ کرنے کا ارادہ کیا لیکن وہ انصار اللہ کو بھی شکست نہ دے سکا اور شکست کھا کر میدان چھوڑ گیا۔

ٹیگس