غزہ میں مستقل جنگ بندی اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے کا مطالبہ؛ ایران
جنیوا میں آئی ایل او کمیٹی کے اجلاس میں ایران کے نمائندے نے فلسطین میں ابتر انسانی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں مستقل جنگ بندی، غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے خلاف تمام تجارتی و اقتصادی بندشیں اور پابندیاں ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
سحرنیوز/ایران: جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایران کے نائب مستقل مندوب مہدی علی آبادی نے اقوام متحدہ کی انتظامی کمیٹی کے تین سو ترپن ویں اجلاس میں فلسطین میں ابتر انسانی صورت حال اور مقبوضہ علاقوں میں اقتصادی بدحالی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک رپورٹ میں اعداو شمار پیش کئے اور فلسطینیوں کی حمایت میں عالمی برادری کے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی، عام شہریوں کے جانی تحفظ، غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینیوں کے خلاف تمام تجارتی و اقتصادی بندشیں اور پابندیاں ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران آزادی و احترام اور انصاف کے حصول کے لئے فلسطینیوں کی جاری برحق جدوجہد کی حمایت میں ہمیشہ اپنے مضبوط و مستحکم موقف پر تاکید کرتا رہا ہے۔