ایران اور روس کی علاقائی امن کو یقینی بنانے پر تاکید
روس کے نائب وزیرخارجہ اور ایران کے وزیر خارجہ نے ایک ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے میں تعاون پر تاکید کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گروشکو نے ، کہ جو تہران آئے ہوئے ہیں، پیر کے روز وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے تمام شعبوں میں ایران اور روس کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایران کی کوششوں پر زور دیا۔
عراقچی نے بیجنگ میں ایران، روس اور چین کے نائب وزرائے خارجہ کے حالیہ سہ فریقی اجلاس کا بھی حوالہ دیا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے اہم بین الاقوامی مسائل پر سہ فریقی مشاورت کے تسلسل کو اہم قرار دیا اور اس سلسلے میں روس اور چین کے تعمیری کردار کو سراہا۔ گروشکو نے روس اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے مختلف سطحوں پر دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔