علاقے کے عوام یمنیوں کی شاندار استقامت کو ہرگز بھول نہیں سکتے؛ اسماعیل بقائی
ترجمان وزارت خارجہ نے عمان کی وزارت خارجہ کی جانب سے یمن پر امریکی جارحیت کے خاتمے پر مبنی بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ یمن کے دلیر عوام نے فلسطین کے مظلوموں کی حمایت میں جس ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور امریکہ کی لگاتار ایک سال سے جاری جارحیت کا جس جذبے کے ساتھ مقابلہ کیا، علاقے کے عوام اسے ہرگز نہیں بھول سکتے اور یمن کے عوام کی شاندار اور مثالی استقامت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر عمان کی ثالثی کی بھی قدردانی کی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے یمن پر جارحیت کے خاتمے کے اعلان کے باوجود، اس بات کو بھی یاد رکھا جائے گا کہ یمن کے خون میں واشنگٹن اور صیہونیوں کا ہاتھ برابر کا رنگا ہوا ہے۔
انہوں نے یمن کے عوام کے قتل عام اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات پر ظالمانہ جارحیت کے سامنے، دنیا کے ٹھوس اور فوری اقدام انجام دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔