تہران کتب میلے میں برکس کی نشست
May ۱۵, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۸ Asia/Tehran
برکس کے رکن ملکوں کے ثقافتی امورکے عہدیدارں نے ایک دوسرے کی کتابوں کے ترجمے اور اشاعت کے ذریعے ثقافتی روابط بڑھانے پر زور دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: تہران کے چھتیسویں بین الاقوامی کتب میلے کے موقع پر برکس کے رکن ملکوں کے ثقافتی اتاشیوں اور کتب میلے کے اسٹالوں کے انچارجوں کی ایک نشست منعقد ہوئی۔ تہران بین الاقوامی کتب میلے میں شریک غیر ملکی ناشرین کی کمیٹی کے سربراہ حسین سبزہ نے اس نشست سے خطاب میں کہا کہ پروگرام کے مطابق برکس کے رکن ملکوں کی اگلی ثقافتی نشست عنقریب ہوگی جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی ہدایت وثقافت کے وزیر بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ برکس کے رکن ملکوں کی پہلی ثقافتی نشست چند ماہ قبل، روسی کلچرل ہاؤس کی طرف سے منعقد ہوئی تھی جس میں ایران، ہندوستان اور روس کے مندوبین نے مشترکہ ثقافتی موضوعات پر گفتگو کی تھی۔