May ۲۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد صدر ایران واپس تہران پہنچ گئے

صدر ایران مسعود پزشکیان اپنا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد گزشتہ شب تہران واپس لوٹ آئے

سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان منگل کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں ان کی ملاقات سلطان عمان کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے بھی ہوئی۔ اس سفر کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کے اٹھارہ معاہدوں پر دستخط بھی کئے۔ تقریب کی سائڈ لائن پر اسلامی جمہوریہ ایران اور سلطنت عمان کے مشترکہ یادگاری ڈاک ٹکٹ کی بھی نقاب کشائی کی گئی جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی علامت ہے۔ صدر ایران نے اسی طرح دونوں ممالک کے اقتصادی ماہرین اور تاجروں کے مشترکہ سے خطاب بھی کیا۔ عمان میں مقیم ایرانیوں سے ملاقات بھی صدر پزشکیان کے پروگراموں میں شامل رہی۔

ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے اس دورے کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے کہا ایران اور عمان خطے میں پائیدار سلامتی اور تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ ابراہیم عزیزی نےاسلامی جمہوریہ ایران کی امن پسند پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران خطے میں امن و سلامتی کا علمبردار رہا ہے اور وہ ہمیشہ خطے کے ممالک کے ساتھ اپنی اسی پالیسی پر گامزن رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور عمان خلیج فارس اور بحیرہ عمان کی سلامتی میں خصوصی کردار ادا کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات خطے میں پائیدار سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔ مجلس شورائےاسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے چیئرمین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران اور عمان دو مسلم ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بحری اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعلقات کی ترقی یقینی طور پر تجارتی، سائنسی، صنعتی اور اقتصادی تعاون کی بنیاد کو بہتر بنا سکتی ہے۔

ٹیگس