Jun ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران کا دو ٹوک اعلان، یورینیم  کی افزودگی کے بغیر کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے

عباس عراقچی نے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے بارے میں کہا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئےکہ ہم یورینیم کی افزودگی ترک نہیں کریں گے کہا کہ این پی ٹی کے قوانین کی بنیاد پرامن جوہری پروگرام ہمارا حق ہے اور ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

عباس عراقچی نے ایران کے پر امن ایٹمی پروگرام کے بارے میں کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے اور ہمیں اس پر مکمل اعتماد ہے۔ ہمارے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے ایرانی عوام نے اس کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ہم یورینیم کی افزودگی بند نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اگر مذاکرات کا مقصد اعتماد پیدا کرنا ہے تو کسی نتیجے پر پہنچا جا سکتا ہے لیکن اگر مقصد ایران کو پرامن سرگرمیوں سے محروم کرنا ہے تو کوئی معاہدہ نہیں ہو سکتا تاہم ہم مذاکرات کی میز کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ ہم مذاکرات کے دوران ایرانی عوام کے حقوق کا دفاع کریں گے اور رہبر انقلاب اسلامی کا فتویٰ کہ ایٹمی ہتھیارحرام ہیں ہمارا اصولی موقف ہے۔

عباس عراقچی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ جو فریق خطے کے لیے خطرہ ہے اور جوہری ہتھیار رکھتا ہے وہ صیہونی حکومت ہے اور بدقسمتی سے مغرب نے اپنی آنکھیں بند کر کے ان خطرات کو نظر انداز کر دیا ہے۔ تاہم وہ ایرانی قوم پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ صیہونی حکومت، جس پر نسل کشی کا الزام ہے اس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں۔

ایران کے نام امریکی خط کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عباس عراقچی نے کہا کہ ہم جلد اس خط کا مناسب جواب دیں گے اور یہ جواب ایرانی قوم کے اصولی موقف پر مبنی ہوگا۔ یورنیم کی افزودگی کے ایران کے حق کو مدنظر رکھے بغیر کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے جائیں گے۔

مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مصر کے کردار کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم مصر اور قطر کی طرف سے جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی قدردانی کرتے ہیں، اور ہم غزہ میں فوری اوردیرپا جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم ہر اس جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں جس کی غزہ کے عوام حمایت کرتے ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ یمن کے عوام غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں ۔ ہم خطے میں امن و امان کی حمایت کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ علاقائی مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم مصر کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور مصر کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران اور مصر کے درمیان بین الاقوامی تنظیموں اور علاقائی مسائل میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور ہم اسے ہر ممکن حد تک بڑھانا چاہتے ہیں، اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے حکام پرعزم ہیں۔

ٹیگس