لبنانی صدر کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنان کے دورے کے موقع پر اس ملک کے صدر سے ملاقات کی اور علاقائی و دو طرفہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی نے آج 3 جون بروز منگل بیروت میں لبنان کے صدرجنرل جوزف عون سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی حالات پر بات چیت اور خیالات کا تبادلہ ہوا۔
عراقچی نے اس ملاقات میں ایرانی صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے لبنانی صدر کو سلام پہنچایا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لبنان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے آمادہ ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایرانی کمپنیاں لبنان کی تعمیر نو کے عمل میں مدد کے لیے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان کی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اور مختلف سیاسی و مذہبی گروہوں کے درمیان قومی مفاہمت کے لیے ہونے والے لبنان کے قومی مذاکرات کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ لبنان کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

لبنان کے صدر نے اس ملاقات میں ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو پرخلوص سلام اور ایران کی حکومت و عوام کو عید قربان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے بعض حصوں سے قبضے کے خاتمے اور صیہونی حکومت کی جارحیت سے پیدا ہونے والی تباہ کاریوں کی بحالی، نئی لبنانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
جوزف عون نے مزید کہا کہ لبنان کی حکومت تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، اور انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے ملک کی آمادگی پر زور دیا۔

اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنانی وزیر خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ سید عباس عراقچی نے اس ملاقات میں ایران اور لبنان اور دونوں ممالک کی قوموں کے دیرینہ اور مثبت تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینےکے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیر خارجہ یوسف رجی نے بھی مختلف شعبوں میں ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی آمادگی ظاہر کی۔