بورڈ آف گورنرز میں اگر ایران کے خلاف قرارداد منظور کی جائے تو ایران کیا ردعمل دکھائے گا؟
ایران وزیر خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ یورپی ٹرائیکا کی اسٹریٹیجک غلطی تہران کو فیصلہ کن ردعمل پر مجبور کر دے گی اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری خود اسی پر عائد ہوگی۔
سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر یورپی ٹرائیکا کو خبردار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تین یورپی ممالک کے پاس JCPOA کے تحت اپنے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے سات سال کا وقت تھا لیکن وہ اس سلسلے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یورپی ٹرائیکا اپنی ناکامی پر پیشمانی کا اظہار کرنے اور سفارتی عمل کو آسان بنانے کے بجائے ایران کو JCPOA کے تحت اپنے قانونی حق کو استعمال کرنے پر سزا دینے کا مضحکہ خیز مطالبہ کرکے، محاذ آرائی کو ہوا دے رہا ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے یورپی ٹرائیکا (برطانیہ، فرانس، جرمنی) کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوئی بھی بڑی اسٹریٹیجک غلطی ایران کو فیصلہ کن جواب دینے پر مجبور کر دے گی اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری ان بدنیت عناصر پر عائد ہوگی جو خود ہی اپنی ساکھ ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
ایسی طرح ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی امور کاظم غریب آبادی نے بھی کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی مجوزہ قرارداد کے جواب میں (جو یقینی طور پر سیاسی اور ممکنہ طور پر اتفاق رائے کے بغیر منظور ہو جائے گی) ایران نے ضروری اقدامات کا بندوبست کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ضروری فیصلے کر لیے گئے ہیں اور ایسی قرارداد کی منظوری کے فوراً بعد طے شدہ تکنیکی اقدامات پر عملدرآمد شروع کردیا جائےگا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ملک کا ایٹمی پروگرام مزید موثر طریقے سے آگے بڑھے گا۔