صیہونی دشمن پر کاری ضرب لگائی گئی؛ صدر ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج کی توانائیوں نے صیہونی دشمن کی کمرتوڑ دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: صدرمملکت مسعود پزشکیان نے کل اتوار کو وزارت تیل کا اچانک دورہ کیا اور وہاں وزیر اور وزارت کے دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے غاصب صیہونی ٹولے کی مسلط کردہ بارہ روز جنگ میں ایران کی شاندار جوابی کارروائی اور جنگ کے دوران عوام کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی ہیبت کو خاک میں ملانے والی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور میزائلوں کے ساتھ ساتھ اگر عوام اتحاد و اتفاق کے ساتھ میدان میں نہ ہوتے تو ہماری کامیابی اور فتح ممکن نہیں تھی۔
صدر ایران نے کہا کہ ہم سفارت کاری کے راستے کو آگے بڑھاتے ہوئے جنگ اور تنازعات کے اعادہ کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور اس میں کبھی کوئی فاتح نہیں ہوتا، ہم قومی اتحاد و اتفاق کے اپنے سلوگن اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستی و برادری کی بنیاد پر صلح و آشتی اور استحکام کی راہ کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم کبھی غنڈہ گردی کے قائل نہیں رہے مگر یہ بھی طے ہے کہ ہم کسی بھی طرح کی زور زبردستی یا غنڈہ گردی کے سامنے ہرگز تسلیم نہیں ہوں گے۔