Jul ۱۸, ۲۰۲۵ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • شرائط کے بغیر مذاکرات نہیں ہوں گے؛ ایرانی پارلیمنٹ

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین نے واضح کردیا ہے کہ اب ماضی کی طرح مذاکرات نہیں ہوسکتے بلکہ ان کے لئے شرائط پیش کرنا ضروری ہے اور ان کی تکمیل سے پہلے نئے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اراکین نے بدھ کی شام امریکا اور صیہونی حکومت کے مقابلے میں 12 روزہ مقدس دفاع کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔ ایران کے اراکین پارلیمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپلومیسی کا میدان بھی میدان جنگ کی طرح ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ڈپلومیسی کا میدان طاقت کی آزمائش کا میدان ہوتا ہے اور جب امریکا نے مذاکرات کو، ایران کو دھوکہ دینے اور اس کی آڑ میں صیہونی حکومت کے اچانک فوجی حملے کے حربے میں تبدیل کردیا تو اب سابقہ روش پر نئے مذاکرات ہرگز نہيں کئے جاسکتے؛ اب ضروری ہے کہ مذاکرات کے لئے شرائط رکھی جائيں اور ان کی تکمیل سے پہلے نئے مذاکرات ہرگز نہ کئے جائيں۔ اس بیان ميں کہا گیا ہے کہ مجلس شوائے اسلامی، سیکورٹی کی مکمل ضمانت تک جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون معطل رکھنے کے قانون کو اپنے ایٹمی مراکز اور سائنسدانوں پرغیر قانونی اور بین الاقوامی معاہدوں کی منافی جارحیت کے منطقی اور محکم جواب کا حصہ سمجھتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اراکین پارلیمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جارح امریکی حکومت اور جوہری توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، جس نے اس جارحیت کا بہانہ فراہم کیا ہے، جان لیں کہ جب تک ایران کو اس بات کا یقین کامل نہ ہوجائے کہ دوبارہ جارحیت کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا، جارحین اور ان کے جاسوسوں کو کسی بھی قسم کی اطلاعات و معلومات فراہم نہیں کی جائیں گی۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ہے کہ عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد میں سبھی لازمی وسائل سے استفادہ ضروری ہے۔ 

ٹیگس