ایران: نواسہ رسول اسلام حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم
آج اسلامی جمہوریہ ایران میں نواسہ رسول اسلام حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا گیا۔
سحرنیوز/ایران: پورے ایران میں امام مظلوم نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب باوفا کا چہلم خاص مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اربعین حسینی کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں میں عزاداری اور سینہ زنی کا سلسلہ گزشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا جو آج بھی جاری رہا اس مناسبت سے مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مذہبی مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان کئے۔ تہران، مشہد اور قم سمیت بعض شہروں میں اربعین مارچ بھی نکالے گئے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا اربعین مارچ تہران میں انجام پایا جو امام حسین اسکوائر سے شروع ہوکر فرزند رسول حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی کے روضے پر اختتام پذیر ہوا جبکہ مشہد مقدس اور قم میں نکالے جانے والے جلوس اور مارچ کا اختتام حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور حضرت فاطمہ معصومہ کے روضوں پر ہوا۔