ایران و پاکستان کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ، غزہ پر تبادلہ خیال
جدہ میں اپنے پاکستانی ہم منصب محمد اسحاق ڈار سے ملاقات اور گفتگو کے موقع پر سید عباس عراقچی نے غزہ کی بحرانی صورتحال، خطے کے حالات اور اسلامی ممالک کی ذمہ داریوں کے سلسلے میں گفتگو کی۔
سحرنیوز/ایران: اس موقع پر سید عباس عراقچی نے زور دیکر کہا کہ فلسطین کے نہتّے عوام کے دفاع کے لیے ضروری ہے کہ مسلم ریاستیں غزہ کا محاصرہ توڑنے اور امدادی کھیپ کو فوری طور پر پہنچانے پر مرکوز ہوں نیز صیہونی حکومت کے غاصبانہ منصبوبے کو روکنے کی کوشش کریں۔
سید عباس عراقچی نے اس موقع پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے سلسلے کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ تہران نے اپنے جوہری منصوبے کے سلسلے میں انتہائی شفاف، پرامن اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا ہوا ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے بھی کہ جن کا ملک اس وقت سلامتی کونسل کا عارضی رکن ہے، ایٹمی شعبے میں بھی ایران کے رویے کو ذمہ دارانہ قرار دیا اور اس کی قدردانی کی۔
انہوں نے اس معاملے کو حل کرنے کے لیے سفارتکاری اور پرامن طریقے پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے ایران اور اسلام آباد کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات پر زور دیا اور تجارت، سرحدی ترقی، معیشت اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا۔