صدر پزشکیان: ایران چین کے ساتھ سنجیدہ اور تعمیری تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے
صدر مملکت نے کہا ہے کہ ایران چین کے ساتھ خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ اسٹریٹیجک پروجکٹ میں سنجیدگی کے ساتھ تعمیری تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔
سحرنیوز/ایران: جمعرات کو صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں، مختلف شعبوں میں ایران اورچین کے روابط اور باہمی تعاون کے تناظر میں ان کے دورہ چین کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے باہمی روابط اور تعاون کے مختلف میدانوں اور متنوع طریقہ کارپر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ملکوں کے باہمی سمجھوتوں اور مشترکہ پروجکٹوں پر عمل درآمدکی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے باہمی روابط کو اسٹریٹیجک قرار دیا اور کہا کہ اپنے علاقائی اور بین الاقوامی کردار، پوزیشن اور موقف کے باعث مختلف سیاسی اور اقتصادی میدانوں بالخصوص بعض طاقتوں کے خودسرانہ اور یک جانبہ تسلط پسندانہ رجحان کے مقابلے میں، ایران چین کا قابل اعتماد شریک شمار ہوتا ہے۔
صدر مملکت نے ایران کی علاقائی اور عالمی جیوپولیٹیکل اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران چین کے ساتھ، اس کے بیلٹ اینڈ روڈ اسٹریٹیجک آئیڈیا کو آگے بڑھانے میں سنجیدگی کے ساتھ تعمیری تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ارنا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے سیاسی مشیر انجینیئر سنائی نے آج اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ صدر مملکت شنگھائی اور شنگھائی پلس سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لئے اتوار 31 اگست کو چین جائیں گے۔