Sep ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • اسنیپ بیک میکانزم کی بحالی غیر قانونی ہے: ایران

ایران نے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے پر مبنی یورپی اور مغربی اقدام پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے، اُسے غیر قانونی قرار دے کر مسترد کر دیا۔

 اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کی کوششوں کے قانون، منطق اور اخلاق سے عاری ہونے پر مبنی ایران کے بار بار انتباہات کے باوجود یورپی ممالک نے یہ قدم اٹھایا جس پر تہران نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اُسے غیر قانونی، غیر منطقی اور اخلاق سے عاری قرار دے کر مسترد کر دیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف قانونی طور پر بے بنیاد اور بلا جواز ہے بلکہ اخلاقی اور منطقی نقطہ نظر سے بھی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
بیان میں مزید آیا ہے کہ امریکہ کے دباؤ میں اور اس کے اُکسانے پر یورپی ٹرائیکا نے نام نہاد "بیک ٹریکنگ" میکانزم کو فعال کیا جب کہ وہ خود، جامع ایٹمی معاہدے جے سی پی او اے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو مسلسل نظر انداز کرتا رہا۔

اس کے علاوہ تینوں یورپی ممالک نے جے سی پی او اے اور آئی اے ای اے کے سیف گارڈ معاہدے کے تحت آنے والے ایران کے پر امن جوہری مراکز پر صیہونی حکومت اور امریکہ کی عسکری جارحیت کی صریح یا درپردہ حمایت کر کے جامع ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی شقوں کی واضح خلاف ورزی بھی کی ہے۔

اُدھر ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسنیپ بیک میکانزم کو فعال کرنے کے یورپی اقدام پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات کا کوئی قانونی جواز نہیں اور یہ بین الاقوامی معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی گزشتہ روز صاف طور پر خبردارکیا تھا کہ اگر اسنیپ بک میکانزم فعال ہوا تو ایران کا، جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ساتھ تعاون تعطل کا شکار ہو جائے گا جس کی تصدیق ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے بھی کی ہے اور کہا ہے کہ ایسا ہونا یقینی ہے۔

اس سے قبل صدر ایران مسعود پزشکیان نے کہا تھا کہ یورپیوں کے ساتھ اپنی بات چیت میں ہم نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کرنے اور جوہری سرگرمیوں کے بارے میں شفافیت کے لیے ایران کی آمادگی پر زور دیا تھا، مگر امریکا مسلسل نئے نئے بہانوں سے ہر قسم کے معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ امریکہ ایک مضبوط اور طاقتور ایران برداشت نہیں اور وہ اُسے روبروز کمزور بنانے کے درپے ہے۔

 

ٹیگس