ایرانی یونیورسٹی کے تعاون سے عراق میں پہلا سائنس اور ٹیکنالوجی پارک
اطلاعات کے مطابق عراق کی بغداد یونیورسٹی میں ایران کی شریف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے تعاون سے سائنس اور ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح ہوگیا۔ یہ عراق میں قائم ہونے والا پہلا سائنس اور ٹیکنالوجی پارک ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق یہ اہم پارک ایران کی شریف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے اشتراک اور دو عشروں سے زیادہ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے قائم کیا گیا ہے۔ ایران کی وزارت سائنس نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ یہ منصوبہ دونوں یونیورسٹیوں کے درمیان ڈیڑھ سال سے زیادہ مسلسل تعاون کا نتیجہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق عراق میں قائم ہونے والا یہ پارک ایران کی شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے تجویز کردہ اور تیار کردہ پروگرام کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا یہ ایک پانچ سالہ پروگرام ہے جس کے دوران شریف یونیورسٹی بغداد یونیورسٹی کو دو عشروں سے زیادہ پر محیط اپنے علمی و سائنسی تجربات کو منتقل کرنے کی پابند ہے۔