ایران: امریکی اسرائيلی خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ نیٹ ورک کا پردہ فاش، تباہ کردیا گیا
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ملک کے کئی صوبوں میں امریکی اور اسرائيلی خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ ایک نیٹ ورک کا پتہ لگا کر تباہ کردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کرمان کے پراسیکیوٹر مہدی بخشی نے بتایا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خفیہ ادارے نے ایک پیچیدہ آپریشن کے ذریعے امریکی اور اسرائيلی خفیہ ایجنسیوں سے وابستہ ملک دشمن عناصر کے ایک نیٹ ورک کا پتہ لگا کر اسے تباہ کردیا۔
مہدی بخشی نے ملک کے اندرونی استحکام اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے لئے دشمنوں کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے خطے میں امریکہ کی پراکسی فورس کے طور پر 12 روزہ جنگ میں ناکامی کے بعد عوامی سلامتی کو درہم برہم کرنے کی غرض سے اپنی پالیسیوں اور سازشوں کو خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی تاکہ اپنی فوجی ناکامی کی تلافی کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے فریب خوردہ اور غدار عناصر کا ایک نیٹ ورک تشکیل دے کر اس سال موسم خزاں میں ایران کی اندرونی سلامتی کو نشانہ بنانے کی ناپاک سازش تیار کی تھی لیکن سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خفیہ ادارے نے ایک پیچیدہ آپریشن کے دوران مذکورہ نیٹ ورک سے وابستہ تمام عناصر کو گرفتار کرلیا۔