Nov ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران: آئی اے ای اے کی قرارداد، غیر تعمیری اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے جارح ممالک کی ناکام کوشش

ایران نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں منظور ہونے والی قرارداد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اُسے غیر تعمیری اور اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے جارح ممالک کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ویانا میں قائم بین الاقوامی تنظیموں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے رضا نجفی نے ملک کے پرامن جوہری پروگرام کے خلاف بورڈ آف گورنرز کی جانب سے منظور کی جانے والی سیاسی اور غیر تعمیری قرارداد کو یورپی ٹرائیکا اور امریکہ کی جانب سے نیویارک میں اسنیپ بیک کی ناکامی کا ازالہ کرنے کی ایک فضول کوشش قرار دیا۔

سفیر ایران نے کہا کہ امریکہ اور تین یورپی ممالک حقائق کو نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایسا تاثر دے رہے ہیں کہ حالات بالکل معمول پر ہیں، گویا سیف گارڈ معاہدے کے تحت آنے والے ایران کے ایٹمی مراکز کہ جہاں جوہری مواد بھی موجود تھا، ان پر کوئی حملہ ہی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممالک اب بھی متکبرانہ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے ساتھ ایران سے ناجائز مطالبات کر رہے، قرارداد کا مسودہ تیار کرنے والے ممالک نے دباؤ اور دھمکی کے اثرانداز ہونے کے وہم میں مبتلا ہو کر غلط راستہ اختیار کیا ہے جسے ایران کی عظیم قوم نے نہ کبھی قبول نہیں کیا تھا اور نہ ہی کرے گی۔

خیال رہے کہ جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے آج ایران کے خلاف یورپی ٹرائیکا اور امریکہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی منظوری دے دی جس میں ایران سے غیر منطقی اور بے جا مطالبات دہرائے گئے ہیں۔

ٹیگس