Nov ۳۰, ۲۰۲۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
  • تہران کے دل میں محبت کا نیا میٹرو اسٹیشن،

29 نومبر ہفتے کے روز تہران کی میٹرو (زیرزمین شہری ٹرین) لائن نمبر 6 پر ایک خاص اسٹیشن کا افتتاح ہوا ہے۔

سحرنیوز/ایران: مریم مقدس میٹرو اسٹیشن تہران کی کریم خان اسٹریٹ پر واقع ہے اور ٹھیک اس کے سامنے آرمینین عیسائیوں کا گرجا گھر "سینٹ سرکیس" واقع ہے۔ 34 میٹر کی گہرائی میں تعمیر شدہ اس میٹرو اسٹیشن کا نام ایران کی عیسائی برادری کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیش نظر، مریم بنت عمران سلام اللہ علیہا کے نام پر "مریم مقدس (س)" رکھا گيا ہے۔

11 ہزار اسکوائر میٹر پر مشتمل اس میٹرو اسٹیشن کو اس کے سامنے واقع چرچ کی طرز تعمیر سے مشابہ بنایا گیا ہے اور داخل ہونے کے راستے کے سامنے جناب مریم (س) کا ایک مجسمہ بھی نصب ہے جسے ایک ایرانی عیسائی فنکار نے بنایا ہے۔ اس مجسمے کے ساتھ ایران اور صدام کی جنگ نیز دہشت گردوں کے مقابلے میں شہید ہونے والے کئی ایرانی عیسائی فوجیوں کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں ہیں۔

اس میٹرو اسٹیشن کے اصلی دروازے کے اندر "بسم اللہ الرحمن الرحیم" کی آیت درج ہے اور فارسی، انگریزی اور آرمینین زبان میں اس کا ترجمہ بھی لکھا گیا ہے جبکہ ایک اور حصے میں قرآن کریم کے سورہ مریم کی آیت 29 سے لیکر 34 پر مشتمل 3 میٹر بڑا فنکاری کا ایک حسین نمونہ نصب کیا گیا ہے۔

ٹکٹ ہال میں جناب مریم (س) کی شان میں انجیل کی آيتیں بھی آرمینین، آشوری اور فارسی زبانوں میں لکھی گئی ہیں اور حضرت عیسیٰ (ع) اور شب قدر کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کی تحریر شدہ کتاب کا ایک حصہ بھی نصب ہے۔

اسی حصے میں آرٹ کا ایک نمونہ ہے جس پر ایک جانب مسجد کی ایک تصویر ہے تو دوسری جانب ایک کلیسا ہے۔ ان دو کے بیچ "شمسہ" اسلامی آرٹ میں استعمال ہونے والا ستارہ بنایا گیا ہے جو "واحد معبود" کی علامت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ دارالحکومت تہران میں میٹرو ٹرین کی 7 لائنیں اور 160 میٹرو اسٹیشن موجود ہیں جن میں سے تقریبا ہر ایک کو الگ نوعیت کے آرٹ سے سجایا گیا ہے۔ تہران شہر میں کئی اور میٹرو لائنیں زیر تعمیر ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

یاد رہے کہ تہران میں عیسائی، یہودی اور زرتشتی (پارسی) برادری کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے جس کے اپنے مذہبی مراکز ہیں اور انہیں اپنے دینی فرائض انجام دینے کی مکمل آزادی حاصل ہے نیز ایران کی پارلیمنٹ میں ان دینی اقلیتوں کے لیے کئی نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔

ٹیگس