ایرانی ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی حصول یابیوں کی رونمائی
ایران کے دارالحکومت تہران کی بین الاقوامی نمائش میں ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تازہ ترین حصول یابیوں کی رونمائی کی گئی۔
سحرنیوز/ایران: ایٹمی سائنس اور ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تازہ ترین حصول یابیوں کی رونمائی کی تقریب نائب صدر محمد رضا عارف اور ایٹمی توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ ان حصول یابیوں میں علاج سے متعلق، فارماسیوٹیکل، ہڈیوں کے درد کے علاج کے لیے ریڈیو فارماسیوٹیکل تیار کرنے والا ایک خودکار آلہ اور قومی جوہری تعلیمی نیٹ ورک کا آغاز شامل ہے۔
ایران پریس کے مطابق نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نائب سربراہ علی بہرامی سامانی نےانسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی اور تعلیمی حصول یابیوں کی رونمائی کی تقریب میں کہا کہ ہم نے گزشتہ دو برسوں میں صحت کے شعبے میں نئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انھوں نے کہا اور اب ملک کی ادویات کی فہرست میں ستّر ریڈیو فارماسیوٹیکلز شامل ہیں۔
علی بہرامی سامانی نے کہا کہ "آج جو ریڈیو فارماسیوٹیکل متعارف اور منظر عام پر لائے جا رہے ہیں وہ بنیادی طور پر پچھلے ریڈیو فارماسیوٹیکلز اور اسی طرح کے موضوعات سے بالاتر ہیں۔ نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہاکہ آج ہمارے پاس دو ریڈیو فارماسیوٹیکل ہیں جو میٹاسٹیٹک میلانوما کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے ایک تشخیصی علاج کے جوڑے کے طور پر تیار کیے گئے ہیں۔
میلانوما کینسر جلد کے کینسر کی سب سے خطرناک قسم ہے، یہ بہت جان لیوا ہے اور ابتدائی مرحلے میں اس کی تشخیص بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اگر جلد تشخیص ہو جائے تو اس کے علاج کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں۔ ریڈیو فارماسیوٹیکل اڑسٹھ گیلیم الفا ایم ایس، پی ای ٹی امیجنگ کا استعمال کرتے ہوئے، ڈاکٹروں کو درست اور جلد تشخیص کا امکان فراہم کرتا ہے۔
علی بہرامی سامانی نے مزید کہا کہ ایک اور کامیابی جو آج طبی برادری کے سامنے پیش کی جا رہی ہے وہ ریڈیو فارماسیوٹیکل تیار کرنے کے لیے مکمل طور پر خودکار ڈیوائس سے متعلق ہے جو ہڈیوں کے درد کو دور کرتی ہے۔ ہم بتدریج نیوکلیئر انڈسٹری کو ریڈیو فارماسیوٹیکل پروڈکشن کے شعبے میں مزید اسمارٹ بنانے کی طرف بڑھے ہیں اور اب یہ ڈیوائس دستیاب ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel