آبنائے ہرمز اب پہلے جیسا نہيں رہے گا ، ایران
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i454972-آبنائے_ہرمز_اب_پہلے_جیسا_نہيں_رہے_گا_ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کے سامنے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کو قبول کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے
(last modified 2026-08-09T16:00:25+00:00 )
Aug ۰۹, ۲۰۲۶ ۱۹:۲۹ Asia/Tehran
  • آبنائے ہرمز اب پہلے جیسا نہيں رہے گا ، ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کے سامنے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کو قبول کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر محمد اکرمی نیا نے تہران کے علاقے چتگر میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ دشمنوں کو ان کی حالیہ جارحیت کے  اہداف میں  ناکام بنانے میں سڑکوں اور چوراہوں پر عوام کے شبینہ اجتماعات کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔   

انھوں نے کہا کہ ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کو ختم کرنے کی دشمنوں کی منحوس سازش کو ناکام بنانے اور ایران عزیز نیز اسلامی نظام کے دفاع کے لیے  مسلح افواج میں فرزندان ملت کے حوصلوں کی بلندی میں شبینہ عوامی اجتماعات کا کردار بہت اہم ہے۔  

بریگیڈیئر محمد اکرمی نیا نے کہا کہ امریکا کے مقابلے میں ایرانی عوام کی مقاومت نے دنیا کے حریت پسندوں میں ایران اسلامی کی حیثیت بہت بلند کردی اور آج دنیا نے تسلیم کرلیا ہے کہ  ایرانی عوام   سب سے زیادہ صاحب بصیرت، پائیدار اور شجاع ہیں۔

 ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ آج دشمن، ملت ایران کے سامنے لاچار ہوگئے ہیں اور امریکی حکام کی جھنجھلاہٹ، کھوکھلی دھمکی، آپسی اختلافات اور متضاد بیانات ایران کے خلاف جنگ میں ان کی لاچاری اور عاجزی کی علامت ہیں۔  

انھوں نے آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمزمیں ایرانی نظم وضبط نافذ ہے اورہماری مسلح افواج اس  کے محکم ہوجانے تک اسی طرح  ڈٹی رہیں گی۔  

فوج کے ترجمان نے کہا کہ اس راہ میں ہماری مسلح افواج کے پاس دفاعی توانائی اور عزم جزم، دونوں ہیں۔  

بریگیڈیئر محمد اکرمی نیا نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں نافذ ایرانی نظم وضبط باقی رہے گا، پہلے کی حالت پر اس کی واپسی ناممکن ہے اور امریکا کے پاس اس صورتحال کو قبول کرنے سوا کوئی چارہ نہیں ہے کیونکہ دوسری صورت میں اس کو پہنچنے والے نقصانات سنگین تر ہوجائيں گے۔  

ہمیں فالو کریں:

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel