آبنائے ہرمز میں دو تیل ٹینکر بارودوی سُرنگ سے ٹکرا گئے
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو تیل ٹینکروں نے قوانین کی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا اور بارودی سُرنگ سے ٹکرا گئے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ رابطۂ عامہ نے اپنے آٹھویں اعلامیہ میں بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز میں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے دو آئل ٹینکر بارودی سُرنگ سے ٹکرا گئے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے اعلامیہ میں ایرانی عوام کی استقامت اور پائیداری کو دنیا کی اقوام میں بیداری اور جرائم پیشہ سامراجیوں پر عرصۂ حیات تنگ ہوجانے کا موجب قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ رات دہشت گرد امریکی فوج نےعوام پر وحشت طاری کرنے کا اپنا پرانا حربہ استعمال کیا جو وہ مختلف ملکوں کے خلاف اپنی جارحیتوں میں آزما چکی ہے اور شادی کی تقریب پر وحشیانہ حملہ کرکے، عوام پر خوف طاری کرنے کے لئے، بربریت اور سنگدلی کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اس کی دہشت گرد فوج اس بات سے غافل ہے کہ یہ ایرانی قوم ہے جو ان وحشیانہ حربوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ یہ اقوام کے ذلت وخواری قبول کرنے اور گھٹنے ٹیک دینے کا دور نہیں ہے۔ دنیا بیدار ہوچکی ہے اور یہ اقوام کے ارادے کے غلبے کی صدی ہے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ سنگدلی کے ان مظاہروں سے آبنائے ہرمز پر ہماری افواج کا کنٹرول کمزور نہیں ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ چند گھنٹے قبل دو آئل ٹینکروں نے امریکی فوج کے ورغلانے پر، اپنے عملے کے افراد کو اتار کر خود کو امریکی عوامل کے اختیار میں دے دیا اور غیر قانونی راستے پر آگے بڑھنے کی کوشش میں وہ بارودی سرنگ سے ٹکرا کر رک گئے اور اس وقت آگ ميں جل رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران کے اعلامیہ کے آخر میں کہا گیا ہے کہ سپاہ نیوی اس راستے سے جس میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں، گزرنے کے خطرات کے بارے میں خبردار کرچکی ہے۔ اسی کے ساتھ، جہازرانی کی ان کمپنیوں کے لئے، جو امریکہ کے دھوکے میں آکر اپنے جہاز، آئل ٹینکر اور دیگر فلوٹنگ وسائل، ہمارے دشمن کے اختیار میں دے رہی ہیں، سخت تنبیہی کارروائیاں مد نظر رکھی گئی ہیں اور عنقریب ان پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel