Oct ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے منگل کے روز لندن میں کہا کہ تہران ماسکو تعلقات پائیدار اور اسٹریٹیجیک ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران یورپی ممالک اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایسے ہی تعلقات کے لیے کوشاں ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے لندن میں خارجہ تعلقات کی یورپی کونسل کے تھنک ٹینک کے اجلاس میں ایران اور روس کے تعاون کے قلیل مدت اور ان کے بحران شام میں محدود ہونے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ تہران - ماسکو تعلقات پائیدار اور اسٹریٹیجک ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران یورپی ممالک اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایسے ہی تعلقات کے لیے کوشاں ہے۔

انھوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قرار دیا اور کہا کہ اسی بنا پر ہم خلیج فارس کے ممالک، عراق اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم علاقے میں سعودی عرب کی اسٹریٹیجک غلطیوں کے باوجود اس ملک کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں اور ہمارا یہ خیال ہے کہ علاقے میں قیام امن میں مدد دینے کا ایک راستہ تہران اور ریاض کا قریبی تعاون اور صلاح و مشورہ ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس نے شام میں داعش نیز القاعدہ اور داعش سے وابستہ تمام گروہوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم داعش کا مقابلہ کرنے میں شام اور روس کے ساتھ یکساں ہم آہنگی رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ بات درست نہیں ہے کہ روس فضا سے اور ایران زمین سے حملے اور پیش قدمی کر رہا ہے۔ ہماری شام میں کوئی لڑاکا فوج نہیں ہے، ہم شامی حکومت کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں صرف ضروری صلاح و مشورے دے رہے ہیں۔

ٹیگس