یمن، درجنوں دہشت گردوں کی ہلاکت
-
یمن، درجنوں دہشت گردوں کی ہلاکت
یمن کے صوبہ مآرب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے حملے میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
العہد نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے صوبہ مآرب میں صحن الجن نامی فوجی مرکز پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ایک مدت سے صحن الجن فوجی مرکز پر القاعدہ کے دہشت گردوں کا قبضہ تھا۔
المیادین ٹی وی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمن کے مشرق میں بحضان کی اسٹریٹیجک پہاڑیوں کو یمن کے سابق مفرور صدر منصور ہادی سے وابستہ افراد سے واپس لے لیا ہے۔
یمنی فوج نے یمن کے سرحدی علاقوں میں بھی سعودی فوجی ٹھکانوں پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا ہے۔
ادھر ذرائع ابلاغ نے یمن کے مشرقی صوبے حضر موت میں بھی دہشت گردوں اور یمنی فوج کے درمیان جھڑپ کی خبر دی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس جھڑپ میں پندرہ یمنی فوجی اور انیس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
دریں اثنا القاعدہ کے دہشت گردوں نے یمن کے جنوبی علاقے عدن پر حملہ کیا ہے جس میں بارہ یمنی فوجی مارے گئے ہیں۔
اس حملے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری طرف سعودی عرب کے جارح لڑاکا طیاروں نے یمن کے شمالی صوبے عمران کے شہر سفیان میں واقع رہائشی مکانات پر حملہ کیا ہے۔
اس حملے کے نتیجے میں ایک عام شہری جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
جارح سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے جنوبی صوبے تعز کے شہر الوازعیہ کے بعض علاقوں پر بھی چھے بار بمباری کی جبکہ سعودی طیاروں نے صوبہ حجہ کے شہر حرض کے مختلف علاقوں کو بھی اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔