Apr ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کونسل کے نائب سربراہ، شیخ نبیل قاووق
    حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کونسل کے نائب سربراہ، شیخ نبیل قاووق

حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹیو کونسل کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے مواقف میں ذرہ برابر بھی تبدیلی نہیں آئے گی اگر چہ اس کے خلاف کتنے ہی بیان کیوں نہ جاری کئے جائیں-

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیخ نبیل قاووق نے اتوار کے روز جنوبی لبنان میں ایک تقریب میں کہا کہ ان بیانات کے جاری کرنے والے اس سے بہت زیادہ کمزور اور حقیر ہیں کہ وہ مزاحمت کے عزم و ارادے کو توڑ سکیں-

واضح رہے کہ حال ہی میں ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کا تیرھواں سربراہی اجلاس منعقد ہوا جس کے اختتامی بیان میں ایران اور حزب اللہ لبنان کے خلاف کچھ نکات شامل کئے گئے جو اسلامی اتحاد کی روح کے خلاف اور صیہونی حکومت کے مفادات کی راہ میں ہیں-

حزب اللہ کی ایگزیکٹیو کونسل کے نائب سربراہ نے مزید کہا کہ بعض ملکوں کے حکام کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ عرب، خلیجی یا اسلامی اجلاسوں کی آڑ میں، یمن، بحرین، عراق اور شام کے عوام کے خون کا جو دھبہ ان کی پیشانیوں پر ظاہر ہے اسے وہ چھپا نہیں سکتے- انہوں نے کہا کہ مزاحمت کے خلاف سعودی نظام کی دشمنی سب پر عیاں ہوچکی ہے اور وہ قراردادوں اور بیانات کے ذریعے اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا وقار حاصل نہیں کرسکتا -

شیخ نبیل قاووق نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کسی بھی قسم کا دباؤ، دھمکی، الزام تراشی اور اشتعال انگیزی، مزاحمت کے عزم و ارادے کو ٹھیس نہیں پہنچا سکتی ہے، بلکہ اس کے برعکس پورے عالم عرب اور اسلام میں مزاحمت کے حامیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے-

ٹیگس